اللہ، (وہ ہے کہ) جس کے سوا کوئی معبود نہیں، زندہ ہے اور ہر چیز کو قائم رکھنے والا ہے، نہ اسے کبھی اونگھ پکڑتی ہے نہ نیند، جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے سب اُسی کا ہے، کون ہے جو اس کے پاس اس کی اجازت کے بغیر سفارش کر سکے، وہ جانتا ہے جو کچھ اُن کے سامنے ہے اور جو کچھ اُن کے پیچھے ہے، اور وہ اُس کے علم میں سے کسی چیز کا احاطہ نہیں کر سکتے مگر جتنا وہ چاہے، اُس کی کرسی آسمانوں اور زمین کو گھیرے ہوئے ہے، اور اُن دونوں کی حفاظت اُسے تھکاتی نہیں، اور وہی سب سے بلند، بڑی عظمت والا ہے۔۔
کہو ، میں پناہ مانگتا ہوں صبح کے رب کی ،ہر اس چیز کے شر سے جو اس نے پیدا کی ہے ۔ اور اندھیری رات کے شر سے جب وہ چھا جائے۔اور گرہوں میں پھونکنے والیوں کے شر سے۔ اور حسد کرنے والے کے شر سے جب وہ حسد کرے۔
کہو میں پناہ میں آتا ہوں تمام انسانوں کے رب کی۔ لوگوں کے بادشاہ کی۔لوگوں کے معبود کی۔ وسوسہ ڈالنے والے کے شر سے، جو ہٹ ہٹ کر آنے والا ہے۔ وہ جو لوگوں کے سینوں میں وسوسہ ڈالتا ہے۔ جنوں اور انسانوں میں سے۔
ہم نے صبح کی اور ساری بادشاہت (کائنات) اللہ کیلئے صبح کی، تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں، اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ اکیلا ہے اس کا کوئی شریک نہیں، اُسی کیلئے بادشاہت ہے اور اُسی کیلئے ساری تعریف ہے، اور وہ ہر چیز پر قادر ہے، اے میرے رب! میں تجھ سے اس دن کی خیر و بھلائی اور جو اِس کے بعد کی خیر و بھلائی ہے کا سوال کرتا ہوں، اور اس دن کے شر سے اور ب جو اس کے بعدشر ہے اس سے پناہ مانگتا ہوں،اور میں سستی ،بُرے بڑھاپے سےتیری پناہ چاہتاہوں اور اور میں جہنم کے اور قبر کے عذاب سے تیری پناہ چاہتا ہوں۔۔
ہم نے اِسلام کی فطرت اور اِخلاص کے کلمہ پر اور اپنے نبی حضرت محمّد ﷺ کے دین پر اور اپنے والد حضرت ابراہیم علیہ السلام کے ملّت پر صبح کی جو سیدھے سادے مسلمان تھے اور وہ کبھی شرک کرنے والوں میں نہ تھے۔
اے اللہ ! تیرے نام ہی سے ہم نے صبح کی اور تیرے ہی نام سے ہم نے شام کی ،تیرے ہی نام سے ہم جیتے ہیں اور تیرے ہی نام سے ہم مرتے ہیں اور تیری ہی جانب ہمیں لوٹ کر آنا ہے۔
اے وہ ذات جو سدا زندہ ہے اور ساری کائنات سنبھالے ہوئے ہے!میں تیری رحمت ہی سے فریاد طلب کرتا ہوں ،میرے تمام اَحوال کی اِصلاح فرما اور ایک پلک جھپکنے کے برابر بھی مجھے میرےنفس کے حوالہ نہ فرما۔
پاک ہے اللہ کی ذات اور اُسی کیلئے ساری تعریف ہے،اُس کی مخلوق کی تعداد کے برابر،اُس کی ذات کی خوشنودی کے برابر،اُس کے عرش کے وزن کے برابر،اور اُس کےکلمات ( صفات) کی سیاہی کے برابر۔
اے اللہ ! آپ ہی میرے رب ہیں ، آپ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں ہے۔ آپ ہی نے مجھے پیدا کیا اور میں آپ کا حقیقی غلام ہوں ، اور جہاں تک میرے بس میں ہے مَیں آپ سے کئے ہوئے عہد اور وعدے پر قائم ہوں ، آپ کی پناہ چاہتا ہوں ان تمام بُرے کاموں کے وبال سے جو مَیں نے کئے ہیں، میں آپ کے سامنے آپ کی ان نعمتوں کا اقرار کرتا ہوں جو مجھ پر ہیں ، اور مجھے اعتراف ہے اپنے گناہ کا، اس لئے میرے گناہوں کو معاف کر دیجئے، کیونکہ آپ کے سوا کوئی گناہوں کو نہیں بخشتا۔
اے اللہ ! غیب اور حاضر کے جاننے والے ! آسمانوں اور زمین کے پیدا کرنے والے، ہر چیز کے رب اور مالک ! میں گواہی دیتا ہوں کہ تیرے سوا کوئ معبود نہیں۔ میں تیری پناہ میں آتا ہوں اپنے نفس کے شر سے ، شیطان کے شر سے ، اس کی شرک سے اور اس بات سے کہ اپنے ہی خلاف کسی برائی کا ارتکاب کروں یا اسے کسی مسلمان کی طرف کھینچ لاؤں
اے اللہ! میں تجھ سے دنیا و آخرت کی عافیت طلب کرتا ہوں۔ اے اللہ! میں تجھ سے اپنے دین و دنیا، اہل و عیال اور مال میں عافیت طلب کرتا ہوں۔ اے اللہ! میری شرم گاہ کی ستر پوشی فرما، مجھے خوف و خطرات سے مامون و محفوظ رکھ۔ اے اللہ! میری حفاظت فرما آگے سے، پیچھے سے، دائیں سے، بائیں سے اور اوپر سے۔ میں تیری عظمت کی پناہ چاہتا ہوں اس بات سے کہ میں اچانک اپنے نیچے سے اچک لیا جاؤں
اے اللہ !میرے جسم میں عافیت نصیب فرما۔اے اللہ !میرےکانوں میں عافیت نصیب فرما۔اے اللہ !میری آنکھ میں عافیت نصیب فرما۔تیرے سوا کوئی معبود نہیں ۔اے اللہ! کفر میں مبتلاء ہونے اور فقر کا شکار ہونے سےمیں تیری پناہ چاہتا ہوں، اے اللہ! میں قبر کے عذاب سے تیری پناہ چاہتا ہوں،تیرےسوا کوئی معبود نہیں۔
میں اللہ تعالیٰ کے تمام کلمات (یعنی اَسماء و صفات) کی پناہ میں آتا ہوں اُس کے غضب وغصہ سےاوراس کے عذاب سے اور اس کےبندوں کے شرسے اورشیاطین کے وسوسوں سےاور اے میرے پروردگار میں تیری پناہ چاہتا ہوں اس سےکہ وہ (شیطان) میرےپاس بھی آئیں۔
اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں ،وہ اکیلا ہے ،اُس کا کوئی شریک نہیں ،اُسی کیلئے بادشاہت ہےاور اُسی کیلئے تعریف ہے، ،وہی زندہ کرتا اور وہی موت دیتا ہے، اُسی کے ہاتھ میں ساری بھلائی ہے اور وہ ہر چیز پر قادر ہے۔